ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام میں روسی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملہ محفوظ

شام میں روسی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملہ محفوظ

Fri, 04 Nov 2016 19:42:46    S.O. News Service

بیروت،4نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)روسی خبر رساں اداروں نے وزارت دفاع کے حوالے سے خبروں میں بتایا ہے کہ گذشتہ روز شام کے شہر تدمر میں فوج کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر فائرنگ کے واقعے کے بعد ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران اس پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے ہیں اور انہیں حمیمیم فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے۔ادھردوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش کے مقرب ذرائع ابلاغ اور داعش کی آن لائن نیوز ایجنسی اعماق کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس کے فوجی ہیلی کاپٹر کو اس کے جنگجوؤں نے وسطی حمص کے علاقے حویسیس میں ایک راکٹ سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا۔خیال رہے کہ حویسیس قصبہ شام کے اللاذقیہ شہر کے جنوب مشرقی حصے میں قائم روسی فوجی اڈے حمیمیم سے 200کلومیٹر دور ہے۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے روسی وزارت دفاع کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روسی ہیلی کاپٹر کو تدمر میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد ہیلی کاپٹر واپس فوجی اڈے پرنہیں پہنچ سکا اور اسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے تاہم فائرنگ کے واقعے میں ہیلی کاپٹر پر سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے ہیں۔ روسی فوج نے حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا فوری پتا چلانے کے بعد اس کے عملے کو حمیمیم فوجی اڈے منتقل کردیا ہے۔


Share: